Get Alerts

ایٹمی دھماکوں کے بعد جنگ میں فتح نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ہم جانتے ہیں: نواز شریف

ایٹمی دھماکوں کے بعد جنگ میں فتح نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ہم جانتے ہیں: نواز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے 1998 میں ایٹمی دھماکے کیے اور اب حالیہ جنگ میں فتح حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کا ہنر ہمیں خوب آتا ہے۔

یہ بات انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ ملاقات میں وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ سیزفائر کے بعد کی صورتحال اور قومی سلامتی کے تناظر میں ہونے والی پیش رفت سے نواز شریف کو تفصیلاً آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو بھارت کے خلاف کامیاب دفاع اور جنگ میں فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے عالمی سطح پر ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چین، ترکی اور آذربائیجان نے مشکل گھڑی میں پاکستان سے دوستی نبھا کر ثابت کر دیا کہ وہ ہمارے سچے شراکت دار ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کے جنگی جنون نے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اس لیے پاکستان کو اپنے دفاعی نظام کو ہر وقت چوکنا اور تیار رکھنا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ہمارے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو گھر بیٹھے خاک میں ملا دیا"۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں ایٹمی قوت بن کر، اور اب عسکری محاذ پر کامیاب حکمت عملی اپنا کر، یہ ثابت کر دیا کہ قومی دفاع کے لیے ن لیگ کی قیادت نے ہمیشہ فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

ٹیگز: