Get Alerts

عدالت میں علیمہ خان کی جائیدادوں کی تفصیلات پیش، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

 عدالت میں علیمہ خان کی جائیدادوں کی تفصیلات پیش، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر کو علیمہ خان کے خلاف درج مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمہ علیمہ خان کی مسلسل غیر حاضری پر دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ علیمہ خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں۔

سماعت کے دوران، عدالت میں بورڈ آف ریونیو کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں علیمہ خان کی پنجاب میں مختلف جائیدادوں کی تفصیلات شامل تھیں۔ رپورٹ کے مطابق، علیمہ خان بھکر میں 51 کنال 16 مرلے، لاہور میں 1 کنال 4 مرلے، اور رائے ونڈ کے موضع سلطان میں 64 کنال 14 مرلے کی مالکن ہیں۔ اس کے علاوہ، ان کے پاس میانوالی میں 217 کنال 5 مرلے اور شیخوپورہ میں 4 کنال 13 مرلے کی زمین بھی ہے۔ مجموعی طور پر، علیمہ خان 338 کنال اراضی کی مالک ہیں۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت میں کہا کہ علیمہ خان کی جائیداد کی تفصیلات اشتہاری ہونے سے قبل مانگی گئی تھیں۔ اگر ملزمہ اشتہاری قرار پاتی ہے تو ان کی جائیداد سیز یا اٹیچ کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان کے 15 بینک اکاؤنٹس پہلے ہی منجمد ہیں۔

عدالت نے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے ساتھ ساتھ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، کیونکہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تھا۔ آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی گئی کہ ان وارنٹس کی تعمیل کرائیں۔

اس سماعت کے دوران، ایک ضامن عدالت میں پیش ہوا اور دو ضامن غیر حاضر رہے۔ استغاثہ کے گواہان عدالت میں موجود تھے، لیکن علیمہ خان اور ان کے وکلاء صفائی کی عدم حاضری کے باعث شہادت ریکارڈ نہ ہو سکی۔

عدالت نے سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔

ٹیگز: