فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل حمایت حاصل ، ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ مافیاز کے خلاف کارروائیوں کو مزید تقویت دی جائے گی:آرمی چیف

فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل حمایت حاصل ، ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ مافیاز کے خلاف کارروائیوں کو مزید تقویت دی جائے گی:آرمی چیف

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت 260 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلئے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے، فلسطین کی سرزمین پر اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ فورم نے غزہ میں اسرائیل کے طاقت کے استعمال سے معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔

فورم نے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔سپہ سالار کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلئے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ مافیاز اور کارٹلز کے خلاف کارروائیوں کو مزید تقویت دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کارروائیوں سے معاشی سرگرمیوں کو منفی اثرات سے نجات دلائی جاسکے گی۔سپہ سالار نے غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت اور محفوظ واپسی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔آرمی چیف نے ہدایت دی کہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری یقینی بنائی جائے۔

ان کاکہنا تھا کہ  پاک فوج ان کارروائیوں میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہر ممکن تعاون کرتی رہے گی۔کور کمانڈرز نے ہر قسم کے بالواسطہ بلاواسطہ خطرات کے خلاف ملکی سالمیت کے دفاع کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

مصنف کے بارے میں