اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے امریکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکی بحریہ اور سول قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور میری ٹائم تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف نے دورے کے دوران امریکی ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف آپریشنز اور امریکی کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، پیشہ ورانہ تربیت اور میری ٹائم تعاون کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
نیول چیف نے امریکہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں جانب کے ماہرین نے علاقائی سکیورٹی، پیشہ ورانہ تربیت اور میری ٹائم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی محکمہ خارجہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیاسی اور عسکری امور کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری سٹینلے ایل براؤن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اس دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی سکالرز اور تھنک ٹینک کے ماہرین کے ساتھ ایک تقریب میں خطاب بھی کیا۔ نیول چیف نے اپنے خطاب میں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز اور مشترکہ میری ٹائم کوششوں میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔