لاہور : دنیا کے آلودہ ترین ممالک کی تازہ فہرست میں پاکستان نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فضائی آلودگی کے حوالے سے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ ماہرین کے مطابق لاہور میں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 304 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دی جاتی ہے۔
اسی طرح، بھارت کے دارالحکومت دہلی اور پاکستان کے صنعتی شہر فیصل آباد میں بھی فضائی معیار تشویشناک ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 221 تک پہنچ گیا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس 302 یا اس سے اوپر کی سطح انسانی صحت کے لیے نہایت خطرناک ہوتی ہے، جس سے سانس کے امراض اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے، گاڑیوں کے دھویں اور صنعتی اخراج کی وجہ سے آنے والے دنوں میں فضائی آلودگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔
دوسری جانب، محکمہ تحفظِ ماحولیات نے آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف آپریشن جاری رکھا ہوا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ لاہور اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔