باجوڑ : سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا، جب انہوں نے فتنہ الخوارج کی ایک گاڑی پکڑی جس میں سیکڑوں کلو بارود بھرا ہوا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ گاڑی باجوڑ میں کسی سول آبادی میں جا کر دھماکہ کرنے کے لیے بھیجی گئی تھی، مگر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ویران مقام پر تباہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں نہ تو سکیورٹی فورسز کو کوئی نقصان پہنچا اور نہ ہی کسی عوامی شخص کو کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا۔ یہ بارود افغانستان سے پاکستان میں سمگل کیا جا رہا تھا، جو دہشتگردوں کے ذریعے پاکستان میں کارروائیاں کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے اس بات کی وضاحت کی کہ یہ کامیاب کارروائی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی گئی، جس کا مقصد ملک کے اندر دہشتگردی کی تمام شکلوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا کہ "آخری خوارجی کے خاتمے تک افواجِ پاکستان اور عوام مل کر اپنے ملک کی سلامتی کے لیے لڑتے رہیں گے۔"