Get Alerts

اداکارہ شبانہ اعظمی  میرا سٹیج ڈرامہ دیکھ کر جذباتی ہو کرروپڑیں:مدیحہ شاہ کا انکشاف

اداکارہ شبانہ اعظمی  میرا سٹیج ڈرامہ دیکھ کر جذباتی ہو کرروپڑیں:مدیحہ شاہ کا انکشاف

لاہور:ماضی کی مقبول اداکارہ مدیحہ شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ معروف بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے ان کا سٹیج ڈرامہ دیکھ کر جذباتی ہو کر آنسو بہا دیے اور ان کی اداکاری کی بے حد تعریف کی۔

مدیحہ شاہ نے حال ہی میں  نیو  ٹی وی کے پروگرام 'زبردست ود وصی شاہ' میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر کی یادیں تازہ کیں۔ انہوں نے بتایا کہ افضال احمد کے سٹیج ڈرامے 'جنم جنم کی میلی چادر' کی ریہرسل سات مہینے تک جاری رہی، کیونکہ یہ پہلا ایسا ڈرامہ تھا جس میں سیٹ بار بار تبدیل ہوتے تھے۔

ڈرامے کے مجموعی طور پر سات سیٹ تھے جن میں بازار، کنواں، بچپن، ٹرین، پانی سے بھرے گڑھے اور چاند جیسے مناظر شامل تھے۔ مدیحہ شاہ کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے کا ایک وقفے کا منظر تھا جسے وہ تین سال تک ہر پرفارمنس میں روتے ہوئے پیش کرتی رہیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کی اداکاری سے افضال احمد بھی اکثر جذباتی ہو کر روتے تھے۔ اس ڈرامے کو روزانہ تقریباً 500 افراد دیکھنے آتے تھے اور اس کی مقبولیت اتنی زیادہ تھی کہ بھارت سے بھی لوگ اسے دیکھنے کے خواہشمند تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انیل کپور کے والد اور شبانہ اعظمی نے یہ ڈراما دیکھا تھا جبکہ بھارتی شاعر گلزار بھی اسے دیکھنے کی خواہش رکھتے تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی معروف شخصیات جیسے نصرت فتح علی خان اور معین اختر بھی اس کے ناظرین میں شامل تھے۔

مدیحہ شاہ نے مزید کہا کہ شبانہ اعظمی نے ان کی پرفارمنس کو انتہائی سراہا اور کہا کہ بھارت میں سنجیدہ نوعیت کا تھیٹر ہوتا ہے مگر یہ ڈراما اپنی مثال آپ ہے۔ شبانہ اعظمی اس قدر متاثر ہوئیں کہ وہ جذباتی ہو کر رو پڑیں۔

خیال رہے کہ 'جنم جنم کی میلی چادر' پاکستان کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک چلنے والا اسٹیج ڈراما تھا جو 1990 کی دہائی میں پہلی بار پیش کیا گیا تھا۔

ٹیگز: