اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے سہ ملکی سرکاری دورے کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ریاض پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینئر وزراء اور اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں۔ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات شیڈول ہے، جس میں علاقائی، عالمی اور دوطرفہ امور پر گفتگو کی جائے گی۔ اس ملاقات میں باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، اور توقع ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
سعودی عرب کے بعد وزیراعظم برطانیہ روانہ ہوں گے جہاں ان کی برطانوی حکام سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ اس کے بعد وہ 21 ستمبر کو امریکا جائیں گے، جہاں ممکنہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے اور 26 ستمبر کو اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ ان کی 22 ستمبر کو فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس میں شرکت بھی متوقع ہے۔