ٹورانٹو:غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے سابق وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور مشہور پاپ گلوکارہ کیٹی پیری کے درمیان تعلقات اب بھی قائم ہیں۔ امریکی جریدے Us Weekly نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں نے جولائی کے آخر میں ایک ساتھ ڈنر کیا تھا اور اس کے بعد بھی رابطے میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں کے تعلقات موجود ہیں، مگر یہ رشتہ اس وقت سنجیدہ نہیں ہے کیونکہ کیٹی پیری اپنی 'لائف ٹائمز' ٹور میں مصروف ہیں جبکہ ٹروڈو کی بھی مصروفیات جاری ہیں۔ تاہم، قریبی حلقوں کی اطلاعات کے مطابق دونوں اگلے چند ہفتوں میں ملاقات کر سکتے ہیں، جس کی منصوبہ بندی سابق وزیراعظم نے کی ہے تاکہ کیٹی کے ٹور کے وقفے میں ملاقات ممکن ہو سکے۔
یاد رہے کہ 28 جولائی کو مونٹریال کے ماؤنٹ رائل پارک میں ٹروڈو کو کیٹی پیری اور ان کے پالتو کتے کے ساتھ واک کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اسی دن رات کو دونوں نے ایک مشہور ریسٹورنٹ میں ڈنر بھی کیا تھا، جس کی تصاویر وائرل ہوئیں۔ ریسٹورنٹ کے عملے نے بتایا کہ دورانِ ڈنر کوئی واضح رومانوی اظہار نہیں دیکھا گیا، تاہم دونوں خوشگوار موڈ میں تھے۔