ممبئی: نوجوان اداکار اہان پانڈے، جنہوں نے حال ہی میں اپنی ڈیبیو فلم سیارہ کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھا ہے، ان دنوں ایک پرانی ویڈیو کے باعث سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، جس میں وہ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو مزاحیہ انداز میں خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اہان پانڈے — جو اننیا پانڈے کے کزن اور چنکی پانڈے کے بھتیجے ہیں — نے اپنی پہلی فلم کی ریلیز کے بعد بہت تیزی سے مقبولیت حاصل کی۔ فلم سیارہ میں ان کا کردار "راک اسٹار کرش کپور" ناظرین کو بے حد پسند آیا، جبکہ ان کی اداکارہ انیت پڈا کے ساتھ جاندار کیمسٹری اور بااثر انداز نے انہیں نوجوان نسل کا نیا پسندیدہ چہرہ بنا دیا ہے۔
ان کی دوستانہ طبیعت، حقیقی شخصیت اور مداحوں کے ساتھ خوش دلی سے ملنے کا انداز ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
حال ہی میں فلم کے ہدایت کار موہت سوری نے ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جس میں اہان پانڈے، شاہ رخ خان کی 1994ء کی فلم انجام کے مشہور گانے بڑی مشکل ہے پر شرٹ لیس ہو کر لپ سنک کرتے نظر آتے ہیں۔ اس دلچسپ ویڈیو میں اہان کے چہرے کے تاثرات نہایت دلکش اور ہوبہو شاہ رخ کے انداز سے ملتے جلتے ہیں، جس نے مداحوں کو خوب متاثر کیا۔
مداحوں نے کمنٹ سیکشن میں اہان کو "ایکسپریشن کنگ"، "نیچرل پرفارمر" اور "نیکسٹ ایس آر کے" جیسے القابات سے نوازا ہے۔ کئی صارفین نے یہاں تک کہا کہ "یہی ہے ہمارا نیا شاہ رخ خان!"
یہ ویڈیو اب تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، اور اہان پانڈے کے ستارے مزید بلند ہو رہے ہیں۔