حکومت نے فنڈز نہیں دیے : الیکشن کمیشن اور سٹیٹ بینک کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

حکومت نے فنڈز نہیں دیے : الیکشن کمیشن اور سٹیٹ بینک کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع
سورس: File

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے لیے 21 ارب روپے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے لیے سٹیٹ بینک کی طرف سے انھیں فنڈز نہیں مل سکے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے رقم منتقلی نہیں کی گئی۔

اس کے علاوہ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے لیے پنجاب پولیس کی طرف سے سکیورٹی پلان نہ دینے کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پبجاب پولیس کے سربراہ کو حکم دیا تھا کہ وہ دس اپریل تک الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لیے سکیورٹی پلان دیں۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک کی جانب سے بھی رقم منتقلی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی گئی ہے اور اس رپورٹ میں رقم کی منتقلی نہ ہونے کی وجوہات بھی شامل ہیں۔

 واضح رہے کہ پیر کے روز خزانہ کے بارے میں قومی اسمبلی کے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سٹیٹ بینک کی قائم مقام گورنر نے کمیٹی کے ارکان کو بتایا تھا کہ سٹیٹ بینک کے پاس رقم مختص کرنے کا اختیار ہے لیکن اس کے اجرا کا اختیار نہیں ہے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے فنڈز کے استعمال کا معاملہ پارلیمنٹ کی منظوری سے مشروط کر دیا تھا اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں فنڈز کے اجرا کے معاملے کو کثرت رائے سے مسترد کر دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں