Get Alerts

حج آپریشن 2026 کا باقاعدہ آغاز: پہلی پرواز عازمین کو لے کر کراچی سے روانہ

 حج آپریشن 2026 کا باقاعدہ آغاز: پہلی پرواز عازمین کو لے کر کراچی سے روانہ

کراچی / اسلام آباد:پاکستان سے سالِ رواں کے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پہلی حج پرواز 160 عازمین کو لے کر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے حجازِ مقدس کے لیے روانہ ہوئی۔ ایئرپورٹ پر حکام نے عازمینِ حج کو الوداع کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق، سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین کی منتقلی کے لیے ایک وسیع آپریشن ترتیب دیا گیا ہے۔   پاکستان بھر سے مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے عازمینِ حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ کراچی کے بعد آج ہی لاہور، سیالکوٹ اور ملتان کے ہوائی اڈوں سے بھی حج پروازیں عازمین کو لے کر روانہ ہوں گی۔
وفاقی وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے سعودی عرب میں رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام عازمین کو مرحلہ وار ان کے شیڈول کے مطابق روانہ کیا جائے گا تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
روانگی کے موقع پر عازمینِ حج کے چہروں پر خوشی اور عقیدت دیدنی تھی، جنہوں نے اللہ کے گھر کی زیارت کے لیے روانہ ہوتے وقت ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔

ٹیگز: