Get Alerts

ملک میں مون سون کا ساتواں مرحلہ جاری، مزید دو اسپیل باقی: چیئرمین این ڈی ایم اے

ملک میں مون سون کا ساتواں مرحلہ جاری، مزید دو اسپیل باقی: چیئرمین این ڈی ایم اے

اسلام آباد : چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اس وقت مون سون کے ساتویں اسپیل سے گزر رہا ہے جبکہ مزید دو اسپیل آنا باقی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی جیسے علاقے خطرے کی زد میں ہیں۔

وفاقی وزراء مصدق ملک اور عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، اور آئندہ برسوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ (بارش کا غیر معمولی زور) نے مون سون کو خطرناک بنا دیا ہے۔ اب تک ملک بھر میں تقریباً 670 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 80 سے 90 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے مطابق مون سون کے آخری دو اسپیل 10 ستمبر تک مکمل ہو جائیں گے، جس کے بعد نقصانات کا مکمل ڈیٹا دستیاب ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت، پاک فوج اور دیگر ادارے مل کر ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 400 سے زائد ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ فوجی انجینئرنگ کور اور آرمی ایوی ایشن بھی ریسکیو مشن میں سرگرم ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق بونیر اور دیگر شدید متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کے ٹرک روانہ کیے جا چکے ہیں، اور زخمیوں کو فوری طور پر بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ تمام سی ایم ایچ اسپتالوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ایمرجنسی میں مکمل طبی سہولت دی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے جلد سیلاب متاثرین کے لیے ایک نیشنل ریلیف پیکیج کی منظوری دی جائے گی تاکہ نقصانات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

ٹیگز: