کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں بارشوں سے نمٹنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں بارشوں کی متوقع صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ میئر کراچی نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے 44 نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے جبکہ 150 کے قریب نالوں کی صفائی کا عمل بھی تیز کیا گیا ہے۔
میئر کراچی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ نشیبی علاقوں سے برساتی پانی نکالنے کے لیے 120 سکشن گاڑیاں تیار ہیں اور پی ڈی ایم اے سے رابطے میں رہتے ہوئے ضرورت کے مطابق مشینری بھی حاصل کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آج رات سے کراچی میں بارش کی پیش گوئی ہے، جس کے پیش نظر انتظامات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر میں شدید بارشیں ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے تمام ڈیم بھر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے عوام کے لیے ڈیم کا پانی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ متحرک رہیں اور بارشوں کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔