پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع بونیر، سوات اور باجوڑ میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کو فوری اور شفاف مالی امداد فراہم کرنے کے لیے جدید "ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ" ایپ متعارف کرا دی ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اس ایپ کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کو ریلیف اور سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے معاوضے کی ادائیگی نہ صرف جلد ممکن ہو گی بلکہ مکمل شفافیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔
یہ ایپ خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ نے ہنگامی بنیادوں پر تیار کی ہے اور اسے صوبائی سروس ڈیلیوری ایپ دستک کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ متاثرین اس ایپ پر اپنی املاک کے نقصانات کی تفصیلات اپ لوڈ کر کے معاوضے کا کلیم کر سکیں گے، جس کی ادائیگی براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں ہو گی۔
ایپ میں جیو ٹیگنگ اور خودکار تصدیقی نظام شامل ہے، جس سے جعلی دعووں کی روک تھام ممکن ہو گی۔ وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام کو نقصانات اور ادائیگیوں کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 15 اگست سے بارشوں کے ساتویں دور نے تباہی مچا رکھی ہے۔ اب تک 325 افراد جاں بحق اور 156 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ اموات ضلع بونیر میں 217 ہیں۔حکومت نے فوری امداد کے لیے 50 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں، جس میں بونیر کو 15 کروڑ، باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کو 10-10 کروڑ، اور سوات کو 5 کروڑ روپے دیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین کو فوری اور موثر ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی زندگی معمول پر لا سکیں۔