لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور میں جدید ٹرام سروس کا آغاز آئندہ سال مارچ تک کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے مطابق ٹرام کا آزمائشی مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، اور ابتدائی مرحلے میں یہ سروس ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک چلائی جائے گی۔
منصوبے پر 30 لاکھ امریکی ڈالر کی لاگت آئے گی، جس سے شہریوں کو سستی، معیاری اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید بتایا کہ ستمبر میں گوجرانوالہ میٹرو منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ کی جائے گی جبکہ اکتوبر کے آخر میں فیصل آباد میٹرو بس سروس کے منصوبے پر کام شروع ہوگا۔
ان دونوں منصوبوں سے مجموعی طور پر تقریباً 2 لاکھ 96 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ اگلے چند ماہ میں 1100 الیکٹرک بسیں بھی فلیٹ میں شامل کی جائیں گی، جو ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
دریں اثناء خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں گزشتہ دو روز کے دوران 83 سرکاری اسکول مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس پر مقامی حکومتیں بحالی کے اقدامات کر رہی ہیں۔