واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین دونوں کے صدور جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اگر حالات سازگار رہے تو وہ صدر پیوٹن اور صدر زیلنسکی کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
یہ بات انہوں نے وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے دوران کہی۔ امریکی صدر نے یوکرینی ہم منصب کا استقبال کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان روس یوکرین جنگ بندی، علاقائی سکیورٹی اور امن اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا مجھے یقین ہے روسی صدر پیوٹن بھی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ میں نہیں چاہتا کہ یہ مسئلہ عارضی طور پر حل ہو اور چند سال بعد دوبارہ لڑائی شروع ہو۔ ہمیں جنگ کو بہتر اور پائیدار انداز میں ختم کرنا ہوگا۔"
انہوں نے زور دیا کہ "یہ یوکرین میں جنگ ختم کرنے کا اچھا موقع ہے۔ اگر سب کچھ درست رہا تو ہم زیلنسکی اور پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کریں گے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ ماضی میں چھ جنگیں ختم کر چکے ہیں اور یہ کوئی آسان کام نہیں تھا۔ہم چاہتے ہیں کہ دنیا میں امن ہو اور سب ممالک تجارت کریں۔ ہم یوکرین کے عوام کی خوشحالی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ روس یوکرین جنگ کب ختم ہوگی، تو انہوں نے کہا یہ میں نہیں بتا سکتا، لیکن ہم رکوانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ادھر یوکرینی صدر زیلنسکی نے ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا"ہم جنگ کے خاتمے کی حمایت کرتے ہیں، اور صدر ٹرمپ کی امن کی سفارتی راہ قابل تعریف ہے۔
ٹرمپ نے مزید بتایا کہ سات اہم عالمی رہنما اس وقت وائٹ ہاؤس میں موجود ہیں اور سب کا مقصد جنگ بندی اور خطے میں استحکام ہے۔