لاہور : پنجاب حکومت نے اپنے مقبول "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت بلاسود قرض سے مستفید ہونے والے افراد کے لیے مزید سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں پروگرام ڈائریکٹر مرزا ولید بیگ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اخوت، این ایس آر پی اور دیگر مائیکروفنانس اداروں کی جانب سے مختلف عملی تجاویز پیش کی گئیں۔ ان تجاویز میں پروگرام کے تحت قرض کی واپسی میں مزید آسانیاں پیدا کرنے اور مستفید افراد کو اضافی رعایتیں دینے پر غور کیا گیا۔ ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے اس حوالے سے ایس او پیز (معیارات) جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں یہ بھی سفارش کی گئی کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت بلاسود قرض واپس کرنے والوں کو 20 فیصد تک رعایت دی جائے، خاص طور پر ان افراد کو جو قرض جلد واپس کریں یا جن کی مدت وفات کے دوران قرض معاف ہو جائے۔ اسی طرح معذور ہونے والے افراد کے لیے بھی رعایت دینے کی تجویز زیرِ غور آئی۔
ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قرض کی واپسی میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رعایت کا اطلاق 10 سالہ قرض کو 3 سے 6 سال میں واپس کرنے والوں پر ہوگا۔
یہ پروگرام شہریوں کو 10 سال کے لیے 15 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کرتا ہے۔ مجوزہ ایس او پیز کی منظوری کے بعد یہ سہولتیں صوبائی وزیر بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو پیش کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس رعایت کا مقصد مستفید افراد کے لیے مزید سہولتیں پیدا کرنا ہے، اور وقت سے پہلے قرض واپس کرنے والے افراد کی رقم سے مزید لوگوں کو اپنے گھر بنانے میں مدد فراہم کی جا سکے گی۔