اسلام آباد :شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ 2030 تک پاکستان کو اہم معاشی قوت کے طور پر دیکھ رہا ہوں اور ترقی کے اس سفر میں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ جہاز میں سوار ہونے سے قبل نور خان ایئر بیس پر مختصرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کے روشن مستقبل کا یقین ہے ، پاکستان کی قیادت بہت قابل ہے جو کہ ملک کو درست راستے پر لے کر جائے گی ۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خا ن نے ولی عہد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم آپ سے بہت پیار کر تی ہے ،پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے ، سوشل میڈیا پرآپ کے دورے کوبہت سراہا جارہا ہے، آپ کی طرف سے خود پاکستانی سفیر کہنااعزاز ہے ، پاکستانی قیدیوں کی رہائی پرشکرگزارہوں۔
ولی عہد نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کو اپنا فرض سمجھتاہوں ، پاکستان آ کر خود کو اپنے گھر میں محسوس کرتاہوں ۔پاکستان کو آگے بڑھتا ہوا دیکھ رہے ہیں اور اس کی ترقی میں ہم بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2030 تک پاکستان کو اہم معاشی قوت کے طور پر دیکھ رہا ہوں۔ ترقی کےاس سفر میں پاکستان کے ساتھ ہیں، پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدے اس کی شروعات ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر سے ولی عہد محمد بن سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پاکستان میں الیکشن لڑیں میرے سے زیادہ ووٹ حاصل کر سکتے ہیں ۔