اسلام آباد : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے تاریخی دورہ پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان کیا جس میں وزرا ، سرمایہ کار اور بزنس کمیونٹی کے افراد شامل تھے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 7 معاہدوں ہوئے اور دو طرفہ تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی حجاج کیلئے خدمات پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا جبکہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی کاوشوں پر وزیراعظم کی تعریف کی۔ سعودی ولی عہد نے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو بھی سراہا۔
اعلامیے کے مطابق، دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان روابط کے فروغ پر اظہار اطمینان کیا گیا، اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کو سراہا گیا۔ سعودی قیادت نے مسلم دنیامیں پاکستان کی اہم حیثیت کی بھی تعریف کی۔
پاکستانی قیادت نے مسلم امہ کی مشکلات کم کرنے میں سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا،سعودی قیادت نے علاقائی امن اور سکیورٹی کیلئے پاکستان کی تعریف کی، دونوں ملکوں نے دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف اقدامات جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور مضبوط دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر اظہار اطمینان کیا