لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف فتح کے بعد لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی ہیں اور کراچی کنگز پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ ہوا جس میں ملتان سلطانز نے 117 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پلے آف مرحلے سے باہر ہو گئی ہے جبکہ ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔
پلے آف مرحلے میں پہنچنے کیلئے چوتھی پوزیشن کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابھی 2 میچز کھیلنے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا صرف ایک میچ باقی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 8 پوائنٹس کیساتھ چوتھے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اپنے آخری میچ میں شکست اسے پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر کر دے گی تاہم فتح کی صورت میں بھی اسے اسلام آباد یونائیٹڈ کے دونوں میچز میں شکست کی دعا کرنا ہو گی۔
تاہم اگر کوئٹہ کی فتح کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے دو میچز میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل کی تو بہتر رن ریٹ کی بدولت یہ پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر جائے گی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز باہر ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا پہلا کوالیفائر میچ 23 فروری کو کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ایلی مینیٹر میچ 24 فروری اور دوسرا ایلی مینیٹر میچ 25 فروری کو ہو گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 27 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔