لاہور : آسٹریلیا کے دورے سے واپسی پر پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ اور دیگر کھلاڑیوں نے ٹیم مینجمنٹ کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی ہے، جس سے قومی کھیل کے انتظامی امور کا کچا چٹھا کھل کر سامنے آگیا ہے۔لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان عماد بٹ نے انتہائی تلخ حقائق بیان کیے۔موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ کام کرنا ناممکن ہے۔ کھلاڑیوں سے مسلسل جھوٹ بولا گیا اور انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا۔ کپتان نے انکشاف کیا کہ "صبح اٹھ کر کچن صاف کرنے اور برتن دھونے کے بعد کھلاڑی میدان میں کیا پرفارم کرے گا؟ ہماری تمام تر توانائی تو ان کاموں میں ضائع ہو جاتی تھی۔
عماد بٹ کے مطابق، کھلاڑیوں کو خاموش رہنے کے لیے ڈرایا گیا اور کہا گیا کہ اگر باہر کوئی بات کی تو پابندی (Ban) لگا دی جائے گی۔دیگر کھلاڑیوں نے بھی مینجمنٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹیم کا مورال مکمل طور پر ختم ہو چکا تھا۔ کھلاڑیوں کو مناسب رہائش نہیں دی گئی اور وہ سڑکوں پر رہنے پر مجبور تھے۔ طاہر زمان اور دیگر عہدیداروں کے بیانات کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا۔