اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریلیا کے دورے کے دوران قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک اور انتظامی بدحالی کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کو دی جانے والی 25 کروڑ روپے کی گرانٹ کے باوجود کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ (PSB) نے وزیراعظم کی ہدایت پر معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جن میں درج ذیل نکات پر توجہ دی جا رہی ہے۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ 25 کروڑ روپے کی خطیر رقم کہاں خرچ ہوئی؟،کھلاڑیوں کو فائیو اسٹار ہوٹل کے بجائے ایک عام گھر اور غیر معیاری رہائش گاہ میں کیوں ٹھہرایا گیا۔ کپتان عماد بٹ اور دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات (کچن اور برتنوں کی صفائی) کی حقیقت کیا ہے؟۔
وزیراعظم آفس کے مطابق، قومی ہیروز کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے واضح کیا ہے کہ:
تحقیقات مکمل ہوتے ہی ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا اور قومی وقار کو ٹھیس پہنچانے والے عہدیداروں کے خلاف عبرت ناک کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔