سی پیک اور پاک چین دوستی کے دشمنوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا: شیخ رشید  

Enemies of CPEC and Pak-China friendship will never be forgiven: Sheikh Rasheed
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سی پیک اور پاک چین دوستی کے دشمنوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان امن کا داعی ہے۔ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے وابستہ ہے۔ چینیوں کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جرات کے ساتھ کہا ہے کہ اب ڈو مور نہیں بلکہ ”نوٍ مور “۔ داسو حادثہ پر وزیراعظم نے چینی ہم منصب سے فون پربات کی ہے اور وزارت داخلہ کو چینی انجینئرز کی سکیورٹی مزیدسخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کو بھی چین جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چینی حکومت اور عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان چھپے ہاتھوں، سی پیک دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ چین کے ساتھ ہمالیہ سے بلند دوستی ہے۔ پاکستان کو اس دوستی پرفخر ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے ہفتہ کو میڈیا سنٹر اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چند سو پاسپورٹ جن لوگوں نے جعلی جاری کئے ان میں سے مجموعی طور پر 8 گرفتار کر چکے ہیں،19 لوگوں کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر میں آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اے جے کے انتخابات میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے رینجرز اور ایف سی کے 7200 جوانوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی درخواست پر رینجرز اور ایف سی جوانوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ یہ جوان سول ایڈمنسٹریشن اے جے کے سے مل کر خدمات سرانجام دیں گے۔ انتخابات کے موقع پر اگر انتظامیہ نے مزید سکیورٹی کی درخواست کی تو اضافی نفری بھی بھجوائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور واقعہ پر ملزمان گرفتار ہوئے، کوئٹہ میں بھی کوشش کی گئی، ان ملزمان کو بھی گرفتار کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ کو وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔ تمام ادارے چوکس ہیں۔ ہندوستاں پاکستان میں مداخلت کا کوئی موقع نہیں جانے دیتا ، پشاور میں طالبان کے جھنڈے اٹھانے والوں کو گرفتار کیا گیا۔

وزیر دخلہ نے کہا کہ واضح اعلان ہے کہ سرزمین کو افغانستان کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے نہ کسی کی سرزمین کو اپنے خلاف استعمال ہونے دیں گے۔ دنیا کی کوئی سپر پاور پاکستان کو بائی پاس نہیں کر سکتی۔