نیو یارک: شام میں جاری جھڑپوں اور اسرائیلی حملوں کے تناظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں پاکستان نے اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے اس پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شام کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا اور کہا کہ اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیاں خطے میں بے لگامی کی علامت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو جوابدہ نہ ٹھہرانے کی وجہ سے ان خلاف ورزیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کی کارروائیاں نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں بلکہ عالمی قوانین کے نظام کو بھی کمزور کر رہی ہیں۔ اسرائیلی اقدامات خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔
اس اجلاس میں ایرانی مندوب نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ شام پر اسرائیلی حملے سلامتی کونسل کی خاموشی اور عالمی برادری کی ناکامی کا نتیجہ ہیں۔ ان کے مطابق، اسرائیلی حملے سنگین اشتعال انگیزی ہیں جو خطے میں مزید کشیدگی پیدا کر سکتے ہیں۔