اسلام آباد: ایران میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث وہاں پھنسے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے حکومتِ پاکستان اور پی آئی اے کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز 107 پاکستانی مسافروں کو لے کر ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی۔
پی آئی اے کی یہ خصوصی پرواز نمبر PK-9552 بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب صبح 3 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔ ترجمان کے مطابق، ایرانی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے پاکستانی مسافروں کو زمینی راستے سے ایران سے ترکمانستان منتقل کیا گیا، جہاں اشک آباد سے ان کی واپسی ممکن بنائی گئی۔
اس پورے عمل میں تہران اور اشک آباد میں موجود پاکستانی سفارتخانوں نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے مسافروں کی بروقت منتقلی اور سہولت کاری کو یقینی بنایا۔ یہ پرواز حکومتِ پاکستان کی خصوصی ہدایت پر بھیجی گئی تھی تاکہ اپنے شہریوں کو محفوظ طریقے سے وطن واپس لایا جا سکے۔
وطن واپس آنے والے مسافروں نے حکومت، دفتر خارجہ، اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں قومی ایئرلائن کا ساتھ دینا اس کی طویل اور قابلِ فخر روایت کا حصہ ہے۔