اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے کے مطابق 21 جون تک گرمی کی شدت میں کمی کا کوئی امکان نہیں، جب کہ کچھ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا، جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں شام اور رات کے اوقات میں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور راولپنڈی سمیت چند علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ادھر سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ کوئٹہ، خضدار، لسبیلہ اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی کی لہر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ کسانوں کو بھی فصلوں کی نگہداشت کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔