Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کا ایران-اسرائیل جنگ پر تشویش کا اظہار، عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل

وزیراعظم شہباز شریف کا ایران-اسرائیل جنگ پر تشویش کا اظہار، عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل

اسلام آباد  :وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کی صورتحال کو بہت تشویشناک قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کے اقدامات کرے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پاکستان کے برادر ملک ایران پر بلاجواز حملے کیے ہیں، جن میں سیکڑوں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے اس جارحیت کی بھرپور مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزیشکیان سے بھی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی اور پاکستانی عوام کی یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کو بھی افسوسناک قرار دیا جہاں اسرائیلی حملوں میں ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

نائب وزیراعظم جلد ترکی میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے تاکہ مسئلہ فلسطین اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہو سکے۔

وزیراعظم نے بجٹ پر بھی گفتگو کی اور بتایا کہ زراعت پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور آمدنی کے مختلف طبقوں کو ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے۔ سرکاری شعبے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اور ملک کی معیشت کو استحکام کی طرف لے جانے کے لیے سخت محنت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان کے قومی موقف کو اجاگر کرنے پر بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے افواج پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ سکیورٹی اداروں کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔

ٹیگز: