حکومت کی جانب سے خانہ شماری کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کا دعویٰ غلط ثابت ہوا

حکومت کی جانب سے خانہ شماری کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کا دعویٰ غلط ثابت ہوا

مظفرآباد: حکومت کی جانب سے خانہ شماری کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کا دعویٰ غلط ثابت ہوا،دارالحکومت کے متعدد علاقوں میں ٹیمیں تین دن گزرنے کے باوجود خانہ شماری کے لیے نہ پہنچ سکیں۔خواجہ محلہ ،شاہناڑہ،وارڈ نمبر 14،15،مانکپیاں کیمپ،گلشن کالونی سمیت کئی علاقوں میں خانہ شماری نہ ہوسکی۔ذرائع کے مطابق محکمہ شماریات کی جانب سے مردم شماری کے لیے مطلوبہ سٹاف کی تعداد کم ہونے کے باعث ٹیمیں کئی علاقوں میں نہیں پہنچ سکی ہیں جبکہ حلقہ چار کے علاقہ میراسرو سے بھی اطلاع ہے کہ مردم شماری وخانہ شماری کی ٹیم تاحال علاقہ میں نہیں آئی.

دوسری جانب حکومت آزادکشمیر نے سرکاری طورپر پریس ریلیز میں کہا ہے کہ خانہ شماری مکمل ہوچکی اور گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر آزادکشمیر نے مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا افتتاح بھی کردیا ہے اور سب سے پہلے اپنا نام درج کروایا تاہم عوام میں تشویش پائی جارہی ہے کہ مردم شماری سے قبل خانہ شماری کا مرحلہ مکمل ہونے کے باوجود کئی علاقوں میں ٹیمیں ہی نہیں آئیں۔کئی علاقوں میں مرد حضرات صرف اپنا اور اپنے خاندان کا نام درج کروانے کے لیے سارا دن گھروں میں موجود رہے کیونکہ 19سال بعد پہلی بارمردم شماری ہورہی ہے تاہم مردم شماری وخانہ شماری کے لیے متعین ٹیمیں ان کے گھروں تک نہیں پہنچ سکیں۔