Get Alerts

ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 261 ہو گئی

ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 261 ہو گئی
کیپشن: سکھر کے علاوہ سندھ میں 38 مریض ہیں اور 2 صحت یاب کے بعد گھروں کو چلے گئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سندھ میں 9 اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 7 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 261 ہو گئی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سکھر میں موجود زائرین میں سے 50 فیصد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 181 ہو گئی ہے۔ جن لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ان تمام افراد کو قرنطینہ میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سکھر کے علاوہ سندھ میں 38 مریض ہیں۔ ان میں سے 2 صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو چلے گئے ہیں اور 36 مریض کو مختلف آئسولیشن وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں کل 143 اور باقی سندھ میں 38 کیسز سامنے آئے جس سے مجموعی تعداد 181 بنتی ہے، ہر شخص کو آئسولیشن میں رکھ دیا گیا ہے اور سندھ حکومت ہر پیشرفت شیئر کرے گی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وزیراعظم نے کل اپنے خطاب میں بتایا کہ سندھ حکومت سارا کام وفاق کے کہنے پر کر رہی ہے۔ وفاق کی ترجیح کے بارے میں کئی روز سے بات کر رہے ہیں، اب سب نے دیکھ لیا قوم سے خطاب میں وزیراعظم کی ترجیح کیا ہے، پی ٹی آئی کے ایک دوست نے الزام لگانے کی کوشش کی کہ سندھ کو بڑی تعداد میں ٹیسٹنگ کٹس دیں، ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں سیاست کے لیے زندگی پڑی ہے ابھی اس معاملے کو ذمہ داری کے ساتھ متحد ہوکر فیس کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اب تک کل 844 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے آغا خان، ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس اور انڈس اسپتال میں ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ سرکاری سطح پر کہیں پر بھی ٹیسٹ نہیں کیے جا رہے۔ آغا خان میں سرکاری سطح پر 506، اوجھا میں 61 اور انڈس میں 277 ٹیسٹ ہوئے ہیں اور اس طرح مجموعی تعداد 844 بنتی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ابھی تک وفاق سے کل 200 کٹس موصول ہوئی ہیں جس کے بعد سندھ حکومت نے معاملے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے رضاکارانہ طور پر 10 ہزار کٹس امپورٹ کیں، ہمارے پاس 10 ہزار افراد کو ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ سندھ حکومت کے ترجمان نے اسپتالوں کو بند کرنے کی تردید بھی کی۔

ڈی سی مظفر گڑھ امجید شعیب نے رجب طیب اردگان اسپتال میں زیر علاج 7 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کی اور بتایا کہ اسپتال میں کورونا متاثرہ افراد کے لیے 62 بیڈز مختص ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 7 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 41 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے مبینہ ہلاکت سامنے آئی تھی تاہم صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میو اسپتال میں زیر علاج شخص جگر کے عارضے میں مبتلا تھا۔