بھارت میں اذان پر ایک اور تنازعہ کھڑا ہوگیا

بھارت میں اذان پر ایک اور تنازعہ کھڑا ہوگیا
سورس: File photo

الٰہ آباد،بھارت میں اذان پر نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا 

 ضلعی انتظامیہ  میں الہ آباد سینٹرل یونیورسٹی کی وائس چانسلرسنگیتا سریواستوا نے درخواست دائرکی کہ اونچی آوازمیں اذان پرپابندی عائد کی جائے۔

بھارت میں اذان پر تنازعہ پہلی مرتبہ کھڑا نہیں ہوا ۔  کسی نہ کسی ہندو انتہا پسند تنظیم سمیت عام ہندوشہریوں کیجانب سے اذان پرپابندی سے متعلق کچھ نہ کچھ کہا جاتا رہا ہے۔

اس بارالہ آباد سینٹرل یونیورسٹی کی وائس چانسلرسنگیتا سریواستوا نے ضلعی انتظامیہ کوشکایت درج کرائی جس میں انہوں نے کہا کہ ہرروزصبح ساڑھے پانچ بجے اونچی آوازمیں دی جانے والی فجرکی اذان سے نیند میں خلل آتا ہے اورسرمیں درد ہوتا ہے جس کے باعث ان کا کام متاثرہوتا ہے لہذا فجرکے وقت  اونچی آوازمیں اذان پرپابندی عائد کی جائے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی مذہب، ذات یا نسل کے خلاف نہیں لیکن اس مسئلے کا کوئی نہ کوئی حل نکلنا ضروری ہے۔ وائس چانسلرکی جانب سے صرف مائیک ہی نہیں بلکہ رمضان میں تیزآوازمیں مختلف اعلانات سے متعلق بھی شکایت درج کرائی گئی۔

مسجد کی انتظامیہ نے وائس چانسلرکی شکایت کے بعد لاؤڈ اسپیکر کی آوازکم کردی جب کہ مائیک کی سمت بھی وائس چانسلرکی رہائش گاہ کی جانب سے موڑکردوسری جانب کردی۔ اس کے باجود اذان کی اونچی آوازکولے کرمختلف سیاسی جماعتوں نے اذان پر پابندی کے خلاف شہر میں مظاہرے بھی کیے۔

دوسری جانب بھارتی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے وائس چانسلرکی اس شکایت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں لوگ ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہیں، یہاں مسجدوں سے اذانیں اورمندروں سے بھجن فضا میں گونجتے رہتے ہیں۔ اس لیے ان باتوں سے انتہا پسندی کی ہوا کا پرچار نہ کیا جائے تو بہترہے۔