اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الفطر کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک اور امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور نیک تمناؤں کا تبادلہ کیا۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق، وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد کے ساتھ بات چیت میں امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کویت میں ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کویت کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی ممالک میں امن و استحکام قائم رکھنے، اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان و کویت کے تاریخی مضبوط تعلقات کو دہرایا۔ شہباز شریف نے کویتی ولی عہد کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
دریں اثناء وزیراعظم نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے بھی ٹیلیفون پر بات کی۔ دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد دی اور اپنے ممالک کے عوام اور امت مسلمہ کے لیے نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق، وزیراعظم نے عمان میں حملوں کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کیا اور امن، استحکام اور تعمیری بات چیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔