’جوبائیڈن خون آلود ہاتھوں سے تاریخ لکھ رہے ہیں‘

’جوبائیڈن خون آلود ہاتھوں سے تاریخ لکھ رہے ہیں‘
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر جوبائیڈن کو اسرائیل کی حمایت پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کی حمایت کر کے اپنے ہاتھ خون آلود کر لئے ہیں۔ 
ترک صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ جوبائیڈن خون آلود ہاتھوں سے تاریخ لکھ رہے ہیں۔ انہوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ جوبائیڈن آپ نے ہمیں یہ سب کہنے پر مجبور کیا ہم پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ طیب اردوان اس سے قبل فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے پوپ فرانسس سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں ۔ 
واضح رہے کہ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا بھرپور حق حاصل ہے جبکہ امریکہ نے اسرائیل کو اسلحہ دینے کی منظوری بھی دی، یہی نہیں بلکہ امریکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ بھی تیسری مرتبہ رکوا چکا ہے جس پر چین نے بھی امریکہ پر کھل کر تنقید کی۔ 

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترک صدر نے پوپ فرانسس سے ٹیلی فونک پر رابطہ کر کے کہا تھا کہ جب تک عالمی برداری اسرائیل کو سزا نہیں دیتی اس وقت تک فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہے گا، مسیحی دنیا اور عالمی برادری کو متحرک کرنے کیلئے آپ کے پیغامات اہم ہیں۔
گزشتہ روز عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی اسرائیل اور غزہ کے درمیان جھڑپیں بندکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالیہ دنوں میں بچوں سمیت معصوم شہریوں کی اموات ناقابل قبول ہیں۔ 
یاد رہے کہ اسرائیل کی فلسطین پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی غزہ پر کم از کم 70 فضائی حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں رہائشی عمارتوں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور کم ازکم 42فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ مجموعی شہادتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔ 
 حماس کے میڈیا گروپ کے مطابق پیر سے اب تک اسرائیل پر 3 ہزار میزائل داغے جا چکے ہیں اور ان حملوں میں حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں گھر و عمارتیں بھی تباہ کردی گئی ہیں اور اب تک 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔