عمران خان اب بھی خود کو وزیراعظم سمجھتے ہیں اور جہاز پر سوار ہیں: احسن اقبال

عمران خان اب بھی خود کو وزیراعظم سمجھتے ہیں اور جہاز پر سوار ہیں: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اورترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اب بھی جہاز پرسوارہیں لیکن امید ہے کہ جلد لینڈ کر جائیں گے، وہ ایک پروفیشل دولہا ہیں جو قوم سے ایک نئے رشتے کی تلاش میں نکلے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب بھی خود کو وزیراعظم سمجھ رہے ہیں اور جہاز پر سوار ہیں مگر امید ہے کہ وہ جلد ہی لینڈ کر جائیں گے۔ عمران نیازی اگلا الیکشن موسیقی اور رقص کروا کر نہیں جیتا جا سکتا۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا عذاب قوم کو بہت مہنگا پڑا ہے ان کی حکومت نے جس شعبے میں ہاتھ ڈالا وہ تباہ ہوگیا، عمران خان کو4 سالہ کارکردگی کا حساب دینا ہو گا۔ عمران نیازی ایک پروفیشنل دلہا ہیں جو ہر شادی میں ناکام ہوئے ہیں اورقوم سے ایک نئے رشتے کی تلاش میں نکلے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءکا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے گوادر پورٹ کیساتھ مجرمانہ سلوک کیا گیا جہاں کوئی بڑا جہاز لنگرانداز نہیں ہو سکتا۔ گوادر اورسی پیک منصوبے کے خلاف سازش کی گئی اور بجلی کی فراہمی کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جبکہ پسنی ہاربربھی کئی سالوں سے بند پڑی ہوئی ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ قوم میں جھوٹی خبروں کے ذریعے انتشار پھیلا، ہم گزشتہ حکومت کے جھوٹے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ کھیلوں کا کمپلیکس بنانے پر ہمیں سزا دی جا رہی ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ انتہاءپسندی دنیا کا مسئلہ ہے، آج بھارت میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کی جا رہی ہے، انتہاءپسندی سرکاری سرپرستی میں چل رہی ہے اور وہاں مسلمانوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں