تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کرنے کی تجویز، ذرائع

تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کرنے کی تجویز، ذرائع
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:تعلیمی اداروں میں وبا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں کیلئے تجاویز صوبوں کو بھجوا دیں۔ میٹرک ، انٹر میڈیٹ امتحانات جون 2021 میں لیے جائیں گے اور حتمی فیصلہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس 23 نومبر کو ہو گا اور صوبے اپنی تجاویز لائیں گے جبکہ تعلیمی سیشن مارچ کے بجائے مئی میں ختم کرنے کی تجویز بھی ہے۔ تعلیمی ادارے بند کرنے کے حوالے سے 3 تجاویز پیش کی گئی ہیں اور پہلی تجویز یہ دی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کر دیا جائے .

دوسری تجویز یہ بھی دی گئی ہے کہ 24 نومبر سے پرائمری اسکولز بند کر دیئے جائیں اس کے علاوہ تیسری تجویز یہ سامنے آئی ہے کہ 2 دسمبر سے مڈل اسکولز بند کر دیئے جائیں جبکہ 15 دسمبر سے ہائیر سیکنڈری اسکولز بند کر دیئے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی سیشن کو 31 مئی تک بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ 

ملک بھر میں اب تک وبا سے تین لاکھ پچیس ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 24 ہزار 871 اور 3 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 236 تک ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں وبا کے 3 ہزار نو سو مریض زیر علاج بھی ہیں۔ 

این سی او سی کے مطابق اس وقت پندرہ شہروں میں وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور ملک بھر میں 80 فیصد سے زائد وبا کے کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہو رہے ہیں۔ 

اس صورتحال کے باعث صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ شاپنگ مالز، بازاروں ، پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک کو لازمی قرار دیں جبکہ شہری بھی گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ضرور کریں۔ 

سرکاری اور پرائیوٹ سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے۔