اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعظم نے کلاچی (ڈیرہ اسماعیل خان) اور دتہ خیل (شمالی وزیرستان) میں خوارج کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے، اور حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان کی افواج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع میں مثالی کردار ادا کیا ہے، اور پوری قوم اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔"