کیلیفورنیا : ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کو گورنرز ایوارڈز کی تقریب میں اعزازی آسکر سے نوازا گیا جس پر وہ جذباتی ہو گئے۔ 63 سالہ ٹام کروز نے کیلیفورنیا میں منعقدہ اس شاندار ایونٹ کے دوران اسٹیج پر آ کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ٹام کروز نے کہا کہ "سنیما مجھے دنیا کے مختلف حصے دکھاتا ہے، یہ مجھے اختلافات کی قدر اور احترام سکھاتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ سنیما ہمیں انسانیت کی اہمیت سمجھاتا ہے اور ہمیں یہ دکھاتا ہے کہ ہم سب ایک جیسے ہیں، چاہے ہم دنیا کے کسی بھی حصے سے آئیں۔ "تھیٹر میں ہم سب ایک ساتھ ہنسیں، ایک ہی طرح محسوس کریں، یہی اس فن کی طاقت ہے۔"
ٹام کروز نے اپنی زندگی میں سنیما کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "فلمیں بنانا صرف میرا کام نہیں، یہ میری پہچان ہے۔" انہوں نے اپنے بچپن کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے فلموں کے دیوانے رہے ہیں، اور جب پہلی بار اسکرین پر روشنی کی کرن دیکھی تو ایسا لگا کہ دنیا اتنی بڑی ہے جتنی میں نے کبھی نہیں دیکھی تھی۔
اس تجربے نے ان میں ایڈونچر کی بھوک، علم حاصل کرنے کی خواہش اور انسانیت کو سمجھنے کا جذبہ پیدا کیا، اور یہی جذبہ انہیں آج تک فلموں کی تخلیق اور کہانیاں سنانے کی ترغیب دیتا ہے۔
تقریب میں ٹام کروز کو اعزازی آسکر ملنے پر شرکا نے ان کے لیے اسٹینڈنگ اووشن دیا اور انہیں بھرپور داد دی۔