Get Alerts

واٹس ایپ کا صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانےکا اعلان

واٹس ایپ کا صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانےکا اعلان

کراچی: واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے جس کے ذریعے وہ میٹا کی دیگر ایپس، جیسے انسٹاگرام اور فیس بک پر ایک ہی یوزرنیم استعمال کر سکیں گے۔ یہ فیچر آئندہ سال تک دستیاب ہو گا اور صارفین کو ایک ہی شناخت برقرار رکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، اس نئے فیچر کے تحت، واٹس ایپ صارفین اپنے پسندیدہ یوزرنیم کو ریزرو کر سکیں گے، جس سے وہ بغیر اپنے فون نمبر شیئر کیے، صرف یوزرنیم کے ذریعے دوسروں سے رابطہ کر سکیں گے۔ اس کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت اور پرائیویسی فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی ذاتی معلومات بغیر شیئر کیے، پلیٹ فارم پر فعال رہ سکیں۔

واٹس ایپ یوزرنیم ریزرو کرنے کے لیے میٹا اکاؤنٹ سینٹر کے ذریعے ویری فکیشن کی شرط رکھے گا۔ ایک بار یوزرنیم ریزرو ہونے کے بعد، وہ مخصوص ہینڈل دوسرے صارفین کے لیے دستیاب نہیں رہے گا۔ اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ پر رابطہ کرنا اور میٹا ایپس پر یکساں شناخت برقرار رکھنا ممکن ہو گا۔

یوزرنیم کی ریزرویشن کے لیے کچھ مخصوص اصول بھی ہوں گے، جن کے مطابق یوزرنیم کم از کم ایک حرف پر مشتمل ہونا ضروری ہوگا، اور اس میں صرف چھوٹے حروف، اعداد، ڈاٹس اور انڈراسکور شامل کیے جا سکتے ہیں۔ یہ یوزرنیم www یا com سے شروع نہیں ہو سکتا اور نہ ہی یہ ڈاٹ کام یا ڈاٹ نیٹ جیسے ڈومین پر مشتمل ہو سکتا ہے۔ اس کی لمبائی 3 سے 30 حروف کے درمیان ہو گی۔

یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے صارفین کے لیے رابطے کو آسان اور محفوظ بنانے کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے لوگ اپنے موبائل نمبر کے بغیر بھی ایک دوسرے سے بآسانی رابطہ کر سکیں گے۔

ٹیگز: