Get Alerts

غیر قانونی مقیم افغانوں کی فوری واپسی کا فیصلہ، صرف ویزہ ہولڈرز کو پاکستان میں رہنے کی اجازت ہوگی: وزیراعظم

غیر قانونی مقیم افغانوں کی فوری واپسی کا فیصلہ، صرف ویزہ ہولڈرز کو پاکستان میں رہنے کی اجازت ہوگی: وزیراعظم

اسلام آباد:حکومت نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو فوری طور پر واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور متعلقہ ادارے افغانوں کی جلد اور منظم واپسی کو یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے یہ ہدایات اسلام آباد میں افغانستان اور سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، وزیراعظم آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، تاہم خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں موجودگی کے باوجود اجلاس میں شرکت سے معذرت کی۔ صوبے کی نمائندگی مزمل اسلم نے کی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ آئندہ صرف وہ افغان شہری پاکستان میں قیام کر سکیں گے جن کے پاس درست ویزہ یا قانونی دستاویزات ہوں گی۔ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجنے کا عمل فوری شروع کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے اجلاس کے دوران اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں، جو سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا اور ملک کے امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

ٹیگز: