ممبئی: بالی وڈ فلم ”دنگل“ اور ”سیکرٹ سپر سٹار“ سے شہرت حاصل کرنے والی سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے شادی کر لی ہے۔ انہوں نے اپنی نکاح کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے مداحوں کو زندگی کے نئے سفر کی خوشخبری دی۔
زائرہ وسیم، جنہوں نے 2019 میں مذہبی وجوہات کی بنیاد پر شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا، نے سادگی سے منعقد ہونے والی نکاح کی تقریب کی دو تصاویر پوسٹ کیں۔ ایک تصویر میں وہ نکاح نامے پر دستخط کرتی نظر آ رہی ہیں، جبکہ دوسری تصویر میں وہ اپنے شوہر کے ساتھ رات کے آسمان تلے کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔ تصویر میں زائرہ نے گہرا سرخ دوپٹہ اوڑھ رکھا ہے، اور دلہا کریم رنگ کی شیروانی میں ملبوس ہیں۔
زائرہ کی جانب سے یہ ان کی ذاتی زندگی کی پہلی بڑی اپ ڈیٹ ہے، جس پر مداحوں اور فالوورز کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان تصاویر کو پسند کرتے ہوئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے صرف 16 سال کی عمر میں عامر خان کی فلم ”دنگل“ میں بہترین اداکاری سے شہرت حاصل کی تھی، جس پر انہیں نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا۔ بعدازاں وہ ”سیکرٹ سپر سٹار“ میں بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئیں اور بالی وڈ کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں شمار ہونے لگیں۔
زائرہ کی شادی کی خبر نے ایک بار پھر انہیں خبروں کی زینت بنا دیا ہے، اور مداح ان کے اس نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔