کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں سانحہ کارساز کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو ہم بینظیر بھٹو کے قافلے میں شہید ہونے والے کارکنوں کو یاد کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے دہشت گردوں سے خوفزدہ ہوئے بغیر اپنی جدوجہد جاری رکھی اور شہادت کو حاصل کیا، پیپلز پارٹی آج بھی ان کے مشن پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں بہت سے سانحات پیش آئے ہیں جن میں سانحہ کارساز ایک بڑا واقعہ ہے۔
انہوں نے اس واقعے کو وفاق کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے کئی پہلو آج تک غیر شفاف ہیں اور یہ بدقسمتی ہے کہ ملک میں ایسی صورتحال بار بار پیش آتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں پارٹی نمائندے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے، اور وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔
قبل ازیں، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ کارساز کی برسی پر شہید بینظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا اور تمام جمہوری شہداء کو سلام کیا۔
صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ بینظیر بھٹو نے واضح خطرات کے باوجود وطن واپس آ کر اپنے مشن پر ثابت قدمی دکھائی، اور سانحہ کارساز کے بعد بھی زخمیوں کی عیادت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کی، جو ان کی انسان دوستی اور عزم کی علامت ہے۔