راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری سے متعلق نئے سخت ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔
عدالت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق، ویڈیو لنک کی کارروائی کی کسی بھی صورت میں ریکارڈنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور عدالت کے اندر موبائل فون یا دیگر ریکارڈنگ ڈیوائسز لے جانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والی تمام کارروائی کی ریکارڈنگ صرف عدالت کی جانب سے کی جائے گی۔
اگر کوئی شخص عدالتی کارروائی کی ریکارڈنگ کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاوہ ازیں، ویڈیو لنک کی کارروائی کا ٹرانسکرپٹ کسی شخص کو فراہم نہیں کیا جائے گا۔
عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عدالتی کارروائی کی سیکیورٹی اور رازداری کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی قسم کی غیر قانونی ریکارڈنگ یا لیک نہ ہو سکے۔