Get Alerts

اسلام آباد: سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس، شہری سہولیات بہتر بنانے کے اہم فیصلے

اسلام آباد: سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس، شہری سہولیات بہتر بنانے کے اہم فیصلے

اسلام آباد: اسلام آباد میں چیئرمین کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کی آسانیوں کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

بورڈ نے اسلام آباد کے تمام قبرستانوں میں قبر کھدائی اور میت بس کے تمام چارجز معاف کرنے کی منظوری دی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ قبرستانوں میں اضافی میت بسیں فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولت میسر ہو۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار اور عملی تربیت دینے کے لیے سی ڈی اے میں انٹرنشپ پروگرام کے تحت ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے دفتر کے قیام کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید برآں، پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کو قواعد و ضوابط کے تحت مشروط منظوری دی گئی۔

سی ڈی اے بورڈ نے ایک تجویز بھی پیش کی کہ سیکٹر ایف-10 کی سروس روڈ کو پاکستان کے معروف ایتھلیٹ ارشد ندیم کے نام سے منسوب کیا جائے، جسے حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس میں کہا کہ تمام فیصلوں پر شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد مضبوط ہو اور ترقیاتی کاموں میں بہتری آئے۔

ٹیگز: