واشنگٹن : سابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے ایران کے خلاف جاری حالیہ تنازع کو امریکی عوام کی خواہشات کے برعکس قرار دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو ایک ایسی جنگ میں دھکیلا گیا جس کا مقصد امریکی قومی مفاد نہیں بلکہ بیرونی دباؤ تھا۔
کملا ہیرس نے سنگین دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر کو ایران کے ساتھ جنگ پر مجبور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ ایک ایسی جنگ کا حصہ بن گئے جس میں امریکی عوام کی قطعی کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ سابق نائب صدر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں امریکی فوجیوں کی جانیں شدید خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ انہوں نے اسے ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کے خلاف اس محاذ آرائی سے خطے میں کشیدگی کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے، جس نے عالمی امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔