Get Alerts

طوفانی بارش کے بعد کراچی میں عام تعطیل کا اعلان

طوفانی بارش کے بعد کراچی میں عام تعطیل کا اعلان

کراچی: صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں شدید بارشوں کے پیش نظر کل (بدھ) 21 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ شہریوں کی سہولت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران 245 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو حالیہ عرصے کی سب سے زیادہ بارش ہے۔ شدید بارشوں کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

حکام کے مطابق، اہم سڑکوں کو جزوی طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے اور برساتی پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق صورتحال میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، کیونکہ آئندہ مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعطیل کا فیصلہ عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

بعدازاں، وزیراعلیٰ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا، میئر کراچی اور کمشنر کراچی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام بلدیاتی ادارے فیلڈ میں متحرک نظر آنے چاہئیں اور عوامی مشکلات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔

ٹیگز: