اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے صدر مملکت کو بلوچستان میں امن و امان اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے دہشتگردوں کے عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائیدار ترقی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر روابط اور تعاون ضروری ہے۔
صدر مملکت نے بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔