اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، مشکل وقت ضرور ختم ہوگا اور عوام کو جلد ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لٹر سے زائد کمی کا امکان ہے اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے ساتھ دو، تین اہم نشستیں ہو چکی ہیں، آئل ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے بھی ریلیف دیا گیا ہے، حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم حکومت ڈیزل کی قیمت کم کرکے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں جلد بڑی کمی متوقع ہے۔
علی پرویز ملک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، ہمیں احساس ہے کہ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت انرجی سکیورٹی کے معاملات کو مستقل بنیادوں پر حل کرے گی اور موجودہ مشکل وقت بھی جلد ختم ہوگا۔