لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رینما احسن اقبال نے نے کہا ہے اس وقت ادارے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے نہیں بلکہ حکومت کی کارکردگی سے پریشان ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے آرمی چیف سے حکومت کو گرانے کا مطالبہ نہیں کیا لیکن عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہمارا لانگ مارچ ملک کو بچانے کے لئے ہے اور یکم فروری کو پی ڈی ایم لیڈرشپ حتمی لانگ مارچ کا اعلان کریں گے اور اپوزیشن کی تمام جماعتیں مٹھی کی طرح متحد ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا سیاست دانوں نے ہمیشہ پاکستان کو مضبوط کیا اور مارشل لا کے ادوار میں پاکستان کو نقصان ہوا لیکن ہر جمیوری حکومت نے پاکستان کو مضبوط کیا ہے اور تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیئے کیونکہ یہ وقت ہے اور سب کو خود احتسابی کرنی چاہیئے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے کیونکہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے مداخلت کے سارے دروازے بند ہونے چاہیئں کیونکہ سیاست دان تو سیکھ چکے ہیں اور اب اسٹیبلشمنٹ کو سیکھنا چاہیئے۔
احسن اقبال نے کہا موجودہ حکومت نے چند ماہ کے بعد رخصت ہو جانا ہے کیونکہ اینٹی کرپشن، پولیس اور ایف آئی اے کو مہمان حکومت کی خاطر اپنی ملازمتوں کو دغدار نہیں کرنا چاہیئے تاہم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انتقام کی بنیاد پر گرفتار کیا ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دو سالوں میں دفاعی بجٹ میں اضافہ نہیں کیا اور اداروں میں بے چینی کی وجہ سے آپ کی بدنامی ان کے حصے میں کیوں آ رہی ہے اور سعودی عرب ، یو اے ای پاکستان سے کیوں ناراض ہیں۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے اور حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کر کے انہیں ریلیف دے۔
وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن کو سات دن کے دھرنے کے چیلنج کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان فرما رہے ہیں کہ سات دن دھرنا دیں گے تو استعفے کا سوچیں گے اور اس حکومت نے ملک کا ستیاناس کر دیا ہے اور عمران خان نیازی ایل بی ڈبلیو اور کیچ آوٹ ہو چکے ہیں۔