لاہور : پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے اپنی اہلیہ، اداکارہ اور سابق ماڈل عروہ حسین کے ساتھ اپنی شادی کی نویں سالگرہ انتہائی جذباتی انداز میں منائی۔ اس موقع پر فرحان سعید نے اپنا نیا گانا ’منظر‘ ریلیز کیا، جو انہوں نے اپنی بیوی عروہ حسین کے نام وقف کیا۔
فرحان سعید نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا، "زندگی کی محبت کو نویں سالگرہ مبارک، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ تم میری زندگی میں ہو، اور زندگی کے باقی دن تمہارے ساتھ گزارنے کا منتظر ہوں۔ ’منظر‘ میں تم ہی میرے دل کی سب سے بڑی سوچ تھیں، آج اپنی زندگی کے بہترین دن کو دنیا کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں۔"
فرحان کا نیا گانا ’منظر‘ اپنے سادہ اور جذباتی انداز کی وجہ سے شائقین کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔ گانے کی میوزک ویڈیو میں فرحان اور عروہ کی شادی کے یادگار لمحات کو دکھایا گیا ہے جو نہ صرف رومانوی ہیں بلکہ حقیقی جذبات اور یادوں کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر مداحوں نے ماضی کی حسین یادوں میں کھو جانے اور ایک گہرا نوستالجیا محسوس کیا۔ گانے میں مشہور صابری سسٹرز کی آوازیں شامل کی گئی ہیں اور یہ محبت، ساتھ اور دو افراد کے ایک دوسرے تک پہنچنے کی خوبصورت کہانی بیان کرتا ہے۔
عروہ حسین نے بھی فرحان کی پوسٹ پر جذباتی ردعمل دیتے ہوئے لکھا، "میں رو رہی ہوں، اس زندگی میں تمہیں پا کر شکر گزار ہوں، میں تم سے بے حد محبت کرتی ہوں۔"
واضح رہے کہ فرحان سعید اور عروہ حسین نے 2016 میں شادی کی تھی اور اسی سال دونوں نے مقبول ڈرامہ ’اڈاری‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جسے ناظرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
مزید برآں، دونوں نے مختلف انٹرویوز میں اپنے سفر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مشکلات کا سامنا صبر اور تحمل کے ساتھ کیا اور کبھی بھی ایک دوسرے کے بارے میں منفی بات نہیں کی۔