دبئی: دبئی اور ابو ظہبی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے نتیجے میں موسم کی خرابی نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ شدید بارش کے باعث دبئی میں مختلف دفاتر اور کاروباری اداروں میں ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کر دی گئی ہے، جب کہ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی ریموٹ ورک اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ صرف ضروری عملہ ہی دفاتر میں موجود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے دبئی اور ابو ظہبی میں خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر شدید موسم کی وارننگ جاری کی ہے۔ موسم کی خرابی نے شہر کے معروف تفریحی مقامات، جیسے گلوبل ویلیج اور عین دبئی، کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ اسی طرح، دبئی کے اسکائی ڈائیو کی تمام سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
دبئی ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، جہاں کئی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ممکنہ تاخیر کے پیش نظر وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں۔
دبئی پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ کسی قسم کی حادثات سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق، دبئی میں موسم کی صورتحال رات کے وقت بتدریج بہتر ہونے کی توقع ہے، تاہم شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔